اسلام آباد(آئی ایم ایم)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، صنعت، زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں بیلاروس کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ بیلاروس کے نائب وزیر زراعت وادم شگوئیکو اور نائب وزیر صنعت آندرے کزنیتسوف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزارت صنعت و پیداوار سے جاری اعلامیہ کے مطابق بیلاروس ٹریکٹر کا مشترکہ پلانٹ پاکستان میں قائم کیا جائے گا، دونوں فریقوں نے پاکستان میں ایف ایم وی ویکسین کے مشترکہ منصوبے اور مشینری کے ڈیزائن میں زرعی انجینئرز کی تربیت اور صلاحیت سازی پر تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق بیلاروس پاکستان میں زرعی مشینوں کی جانچ کے مراکز قائم کرے گا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کی طرف سے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعت، زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، زرعی شعبے کی میکانائزیشن کے لئے تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فروٹس کو بیلاروس کی مارکیٹ تک رسائی دی جائے۔ ویٹرنری میڈیسن میں سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کےلئے تیار ہیں۔ نائب بیلاروس کے وزیر نے کہا کہ بیلاروس پاکستان میں ویٹنری میڈیسن کا پلانٹ لگانا چاہتا ہے۔