اسلام آباد (آئی ایم ایم) سابق ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا نے کہا ہے کہ پنجاب پریمیئر لیگ ملک کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے، جہاں بچوں کو اپنے صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا، اور ملک میں کرکٹ مزید پروموٹ ہوگی،اورملک کے سونے میدان پھر سے آباد ہونگے،پاک بھارت دو طرفہ سیریز نہ ہونے کے باعث نہ صرف کرکٹ کے کھیل کا نقصان ہو رہا ہےبلکہ دنیا پھر کے شائقین کرکٹ بھی بہترین مقابلے دیکھنے سے محروم ہیں،پنجاب پریمیئر لیگ سےپاکستان کرکٹ ٹیم کو دس لڑکے بھی مل گئے تویہ بہت بڑی کامیابی ہو گی، انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پنجاب پریمیئر لیگ کے برانڈ ایمبیسڈر اور راولپنڈی مارخور ٹیم کے سی ای او چوہدری ندیم منظور بیگا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
حسن رضا کا مزید کہنا تھا کہ اس لیگ کا مقصد ملک بھرکے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھتے ہوئے کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے،اس لیگ میںآٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں راولپنڈی مارخور کے علاوہ لاہور، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یار خان شامل ہیں،اس موقع پر پنجاب پریمیئر لیگ کے برانڈ ایمبیسڈر اور راولپنڈی مارخور ٹیم کے سی ای او چوہدری ندیم منظور بیگاکا کہنا تھا کہ لیگ کرانے کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب واپس لانا اور ملک میں ویران کرکٹ میدانوں کو آباد کرکے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا ہے،یہ لیگ 04 سے 11 اکتوبر کے دوران گوجرانوالہ میں منعقد ہو گی، راولپنڈی مارخور کی ٹیم کی سلیکشن کیلئے آٹھ سو سے زائد بچوں نے ٹرائل دیئے جن میں سے بیس بچوں کی میرٹ پر سلیکشن کی جائیگی،ملک کے نوجوانوں میں منشیات کےبڑھتےہوئےاستعمال کو کم کرنے اور انہیں صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے لیگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے،ٹیم کی کوچنگ حسن رضا کرینگے جبکہ کامران اکمل بھی ٹیم سلیکشن کا حصہ ہونگے، ہم نوجوانوں کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کرینگے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار کر اپنا اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔