گوجرانوالہ(آئی ایم ایم)گوجرانوالہ بزنس سنٹر،پاکستان رومانیہ بزنس کونسل اور گفٹ یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی شعبے کے فروغ کے لیے ایک سٹریٹیجک اشتراک کا اعلان کیا گیا ہے یہ شراکت داری پاکستان اور رومانیہ کے تعلیمی اداروں کے مابین مضبوط اور دیرپا روابط کو فروغ دینے کیلئے اہم اقدامات کرے گی اس تعاون کے تحت پاکستان اور رومانیہ کے تعلیمی ادارے مشترکہ طور پر(آر اینڈ ڈی) پروجیکٹس پر کام کریں گے جس سے دونوں ممالک کے اساتذہ اور طالب علموں کو جدید تحقیق کے مواقعے میسر آئیں گے، فیکلٹی اور سٹوڈنٹ ایکسچیج پروگرامز کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلیمی ادارے ایک دوسرے کے تعلیمی و تدریسی تجربات سے مستفید ہوں گے اس سے نہ صرف طلبہ کو نئی مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ اساتذہ بھی جدید تدریسی طریقوں سے روشناس ہوں گے،گفٹ یونیورسٹی اور رومانیہ کی یونیورسٹیز مشترکہ کورسز تیار کریں گی جن سے دونوں ممالک کے طلبہ کو ایک ساتھ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا اور ساتھ ہی مشترکہ نیوز لیٹرز کے ذریعے تحقیق اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات کا تبادلہ ہوگا اس منصوبے کے تحت گفٹ یونیورسٹی میں رومینیئن لینگویج کے کورسز بھی کروائے جائیں گے تاکہ اعلی تعلیم کے حصول اور روزگار کے لیے رومانیہ جانیوالے طلبا کے لیے مزید سہولت پیدا کی جا سکے اس منصوبے کو عملی جامعہ پہنانے کے لیے ایک ورکنگ گروپ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی قیادت چیئرمین جی ،بی، سی احمد اکرام لون اور گفٹ یونیورسٹی کے اورک کے ڈین قیصر دورانی کریں گے.
گوجرانوالہ بزنس سنٹر پاکستان رومانیہ بزنس کونسل اور گفٹ یونیورسٹی کے درمیان یہ اشتراک خطے میں تعلیمی انقلاب کی راہ ہموار کرے گا اس اشتراک سے گوجرانوالہ کو ایک جدید تحقیقی اور ترقیاتی مرکز بنانے میں بے حد مدد ملے گی یہ اقدامات گوجرانوالہ میں انٹر پرینیور شپ کو پروان چڑھانے میں بھی سازگار ثابت ہوں گے اس موقع پر چیئرمین جی ،بی، سی احمد اکرام لون کا کہنا تھا کہ یہ اشتراک ہمارے علاقہ کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا ،گوجرانوالہ کو تعلیمی اور تحقیقی میدان میں عالمی سطح پر متعارف کروانا ہماری اولین ترجیح ہے یہ تعاون نہ صرف تعلیمی بلکہ اقتصادی میدان میں بھی دو ر رس نتائج مرتب کرے گا اس منصوبے سے خطے میں تحقیق اور ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے اور بین الاقوامی تعلیمی معیار کو مقامی سطح پر فروغ ملے گا.
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کی لیڈرشپ نے اس منصوبے کے متعلق پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ایڈورڈ پریڈا کو بھی بریف کیا ہے جنہوں نے اس منصوبے کی کامیابی کے لیے اپنی مکمل حمایت اور مدد کا یقین دلایا ہے اس موقع پر احمد اکرام لون نے چیئرمین پاکستان رومانیہ بزنس کونسل سہیل شمیم فرپو ،سی او او پاکستان رومانیہ بزنس کونسل عاطف فاروقی ،جی، بی، سی اور گفٹ یونیورسٹی کی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے یہ اشتراک ممکن ہوا ہے۔