اسلام آباد (آئی ایم ایم)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگ امن پسند اور پیار ومحبت والے ہیں، صوبے کے عوام انتہاپسندی کے خاتمے اور خطے میں امن وامان کی بحالی کیلئے متحدہیں،معاشرے کے تمام افراد کی جان و مال کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے،سوات میں غیر ملکی سفراء کے قافلے پردہشت گردانہ حملے نے پوری قوم کوغمزدہ کیا،پولیس کانسٹیبل برہان علی نے غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سرینہ ہوٹل اسلام آباد میں مالم جبہ سوات دھماکہ کے شہید پولیس اہلکار برہان علی کو خراج عقیدت پیش کرنیکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈین آف ڈپلومیٹک کور اور ترکمانستان کے سفیر کی دعوت پر منعقدہ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور 14 ممالک کے سفراء/ہائی کمشنرز سمیت دیگراعلی حکام بھی شریک تھے جبکہ تقریب میں شہید پولیس اہلکار کے بیٹے اور خاندان کے دیگر افراد کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔
تقریب میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین اور ترکمانستان کے سفیر سمیت آذربائیجان، ایران، پرتگال، بوسنیا،ایتھوپیا،قازکستان،روس،ویتنام، ازبکستان،زمبابوے،تاجکستان انڈونیشیا،رونڈا،کے سفیروں نے مالم جبہ دھماکہ میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکار برھان علی کے فیملی اراکین کو اپنی جانب سے مشترکہ دستخط شدہ تعزیتی خط حوالے کیا اور شہید کی فیملی سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کی پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا اور اسکی بہادری کو سلام پیش کیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ترکمانستان کے سفیر اور ڈپلومیٹک کور کے ڈین عطاجان مولاموف اور دیگر غیرملکی سفراء/ہائی کمشنرز کا شکریہ اداکیاکہ انہوں نے پولیس کانسٹیبل برہان علی کی قربانی کو یاد کیا اور شہدا کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کے سفیروں کا یہ قابل قدر اقدام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام، پولیس، سیکیورٹی فورسز شہداء کی قربانیوں کو تسلیم کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد آپ سب کو بھی گورنر ہاؤس پشاور میں مدعو کروں گا اور صوبہ خیبر پختونخوا میں امن اور مہمان نوازی کا حقیقی چہرہ دکھاؤں گا۔آپ سب کی پیار ومحبت دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اورپولیس نے دیگرسیکورٹی فورسز کے ساتھ قربانیاں دی ہے۔