اسلام آباد (آئی ایم ایم) یرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے سابق یوتھ کونسلر سالار حسین نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں سیاسی عمل میں نوجوانوں کی شمولیت، ملک کی ترقی اور خیبر پختونخوا کے مستقبل میں نوجوانوں کے اہم کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں کی معاشرتی اور سیاسی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ نوجوان قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو ملک کی ترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی سیاسی اور اقتصادی ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں سیاسی عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یوتھ انگیجنٹ میری ترجیحات میں شامل ہے گورنر نے کہا کہ گورنر ہاؤس نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، تاکہ انہیں معاشی طور پر خود کفیل بنایا جا سکے اور وہ ملکی سیاست میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو سیاست میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی رہنمائی کی جائے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو ابھارنے کے مواقع دیے جائیں سالار حسین نے خیبر پختونخوا اور پاکستان بھر میں نوجوانوں کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے گورنر کو آگاہ کیا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے، تعلیم اور تربیت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے اور ان کی سیاسی تربیت کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور انکے مسائل میں دلچسپی لینے پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے کردار کو سراہا.