پشاور(آئی ایم ایم)معروف مذہبی شخصیت ادارہ فتح العلوم کے مہتمم قاضی فتح الباری نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ قاضی ثمین احمد ، قاضی عزیر، قاضی شریع ، قاضی وقاص بھی انکے ہمراہ تھے ۔ اس ملاقات میں اتحاد بین المسلمین، بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المسالک اتحاد کو فروغ دینے کے اہم امور زیر بحث آئے۔ قاضی فتح الباری نے ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے اور مختلف مسالک اور مذاہب کے درمیان بھائی چارے اور محبت کو فروغ دینے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے قاضی فتح الباری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور امن کے لیے تمام مکاتب فکر اور مذاہب کے لوگوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی تاکہ معاشرے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ ملک میں اتحاد اور اتفاق کی فضا کو فروغ دینے کے لیے علما کرام کا کردار انتہائی اہم ہے اور عوام کے درمیان ہم آہنگی کے پیغام کو پھیلانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔