پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبر پختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے شعبہ فائن آرٹس کی طالبات کی جانب سے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تھیسز ڈسپلے نمائش میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد نوجوان خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور ان کے فن پاروں اور ڈیزائنز کو عوام کے سامنے پیش کرنا تھا۔نمائش میں فائن آرٹس کی طالبات نے اپنی بہترین تخلیقات پیش کیں، جن میں رنگا رنگ پینٹنگز، مجسمے، جدید فیشن ملبوسات، اور ڈیزائن شامل تھے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے طالبات کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان خواتین نہ صرف اپنے شعبے میں مہارت رکھتی ہیں بلکہ مستقبل کی عظیم فنکار اور ڈیزائنر بننے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہیں انہوں نے کہا کہ ، “اس نمائش نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں فنون لطیفہ اور فیشن انڈسٹری کو مزید ترقی دینے کی ضرورت ہے، اور حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں اس نوعیت کی تقریب کاانعقاد ویمن امپاورمنٹ ایجنڈا کی ہی کڑی ہے انہوں نے فیشن ڈیزائننگ کے ملبوسات اور فائن آرٹس کے فن پاروں کا قریب سے جائزہ لیا اور طالبات کی محنت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ فیشن ڈیزائننگ اور فائن آرٹس کے میدان میں خیبر پختونخوا کی طالبات کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں، اور اس طرح کی نمائشیں ان کے تخلیقی سفر کا اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہیں تقریب میں بے نظیر بھٹو شہید وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد ، شعبہ فائن آرٹس کی سربراہ انیلا مدثر کے علاوہ اساتذہ، طلبہ و طالبات، اور دیگر معززین بھی شریک تھے، جنہوں نے نمائش کو طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی ترقی کے لئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے گورنر ہاؤس میں اسکے انعقاد پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو خراج تحسین پیش کیا نمائش میں شرکت کرنے والے مہمانوں نے بھی طالبات کے کام کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا میں اس طرح کی مزید نمائشیں منعقد کی جائیں تاکہ فنون لطیفہ اور فیشن ڈیزائننگ کے میدان میں نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔