گوجرانوالہ(آئی ایم ایم)گوجرانوالہ بزنس سینٹر اور پاکستان کے معروف ٹی وی چینل ڈسکور پاکستان نے گوجرانوالہ کی صنعتوں کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے ایک اہم اشتراک کیا ہے، اس شراکت داری کا مقصد گوجرانوالہ کی مصنوعات کو دنیا بھر میں متعارف کروانا اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اس سلسلے میں ڈسکور پاکستان اور گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے،ڈاکٹر قیصر رفیق چیئرمین ڈسکور پاکستان کی قیادت میں وفد نے گوجرانوالہ بزنس سینٹر میں قائم میڈ ان گوجرانوالہ انکلوئیر کا دورہ کیا، وفد میں ڈسکور پاکستان کے صدر ڈاکٹر ذوالفقار کاظمی اور انس فاروقی بھی شامل تھے اس موقع پر ڈاکٹر قیصر رفیق کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ آ کر بے حد خوشی محسوس کر رہا ہوں،گوجرانوالہ بزنس سینٹر کا ایک چھت تلے گوجرانوالہ کی صنعتی مصنوعات کو اکٹھا کرنا بڑا احسن قدم ہے جس کے لئے جی،بی،سی کی ٹیم تعریف کی مستحق ہے، میڈ ان گوجرانوالہ انکلوئیر کی طرز پر پاکستان کے ہر بڑے صنعتی شہر میں ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹرز ہونے چاہییں، اس سے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور ایکسپورٹ کو بڑھانے میں مدد ملے گی ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈسکور پاکستان، پاکستان کا نواں بڑا ٹی،وی چینل ہے جس کی انٹرنیشنل ویوورشپ پاکستانی چینلز میں سب سے زیادہ ہے اور ڈسکور کی نشریات کو دنیا کے 140ممالک میں دیکھا اور پسند کیا جاتا ہے۔
آج گوجرانوالہ آنے کا مقصد جی،بی،سی کے ساتھ ملکر گوجرانوالہ کی انڈسٹریز کو دنیا بھر میں پروموٹ کرنا ہے گوجرانوالہ SME’sکا ہب ہے اور پاکستان کا واحد انڈسٹریل سٹی ہے جہاں 30سے زائد انڈسٹریل کلسٹرز موجود ہیں، میڈ ان گوجرانوالہ مصنوعات کے بارے میں معلومات کو دنیا بھر تک پہنچانا، مقامی صنعتوں کے فروغ اور ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لیے بے حد ضروری ہے اس مقصد کے حصول کے لیے ڈسکور پاکستان گوجرانوالہ کی بڑی صنعتوں پر ڈاکومنٹریز بنائے گا اور انہیں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے دنیا کے 140ممالک تک پہنچایا جائے گا،جی،بی،سی میں قائم میڈ ان گوجرانوالہ انکلوئیر پر ڈاکومنٹری بنائی جائے گی تاکہ پاکستان کے سب سے بڑے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جا سکے، مجھے اس بات کی بھی بے حد خوشی ہے کہ جی،بی، سی سائوتھ سوڈان میں اپنے پہلے انٹرنیشنل ڈسپلے سینٹر کا آغاز کرنے جا رہا ہے، ڈسکور پاکستان جی،بی،سی کے اس منصوبے کی تشہیر میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور ایسے مزید انٹرنیشنل ڈسپلے سینٹرز بنانے میں جی،بی،سی کی مدد کرے گا۔
اس موقع پر چیئرمین جی ،بی،سی احمد اکرام لون نے ڈسکور پاکستان کے وفد کا جی،بی،سی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکور نے پاکستان کے سافٹ امیج کو دنیا بھر میں اجاگر کیا ہے، پاکستان کے ٹورازم سیکٹر کو پروموٹ کرنے میں ڈسکور پاکستان کی خدمات اپنی مثال آپ ہیں، ہمیں بے حد خوشی ہے ٹورازم کے ساتھ ساتھ انڈسٹریل پروموشن پر بھی ڈسکور پاکستان نے کام کا آغاز کیا ہے جس کے فوائد دور رس ہوں گے، ڈسکور پاکستان اور جی،بی،سی کی شراکت داری مقامی مصنوعات کی دنیا بھر میں تشہیر کے لیے معاون ثابت ہوگی، بہت جلد ڈسکور پاکستان کے تعاون سے گوجرانوالہ کی صنعتوں پر بین الاقوامی معیار کی ڈاکومنٹریز بنائی جائیں گی ان ڈاکومنٹریز میں نہ صرف گوجرانوالہ کی مصنوعات کو دکھایا جائے گا بلکہ ان کے منفرد پہلوئوں، خصوصیات اور تیاری کے مراحل کو بھی عالمی ناظرین کے سامنے پیش کیا جائے گا، آخر میں انہوں نے گوجرانوالہ کا دورہ کرنے پر ڈاکٹر قیصر رفیق اور ڈسکور پاکستان کے وفد کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں اکٹھے چلنے کی اہمیت پر زور دیااس موقع پر ڈائریکٹر جی،بی،سی عثمان نواز باجوہ، خالد منہاس، خواجہ فائق، سید واجد علی نقوی، عمر محمود، خواجہ شارق کلیم، روحان اشرف، فصیح کھوکھر، شہروز رشید، شاہد صدیق گِل اور دیگر شامل تھے۔