اسلام آباد(آئی ایم ایم) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں غذائی تحفظ کی اہمیت اور ہر فرد کو مناسب اور غذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پائیدار طریقوں کی ضرورت کو اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ دن ہماری کمیونٹیز میں بھوک اور غذائیت کی کمی سے نمٹنے کے لیے ہماری مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی کے طور پر کام کرتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے ملک میں زرعی شعبے کی اہمیت اور مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے کسانوں کی مدد اور ماحول کی حفاظت کرنے والے پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ان شعبوں کی بہتری کے لیے ہمیں مل کر ایک مفید خوراک کا نظام بنانا ہوگا جو نہ صرف ہمارے لوگوں کی بہترین پرورش کرے بلکہ ہمارا مستقبل بھی محفوظ بنائے۔
چیئرمین سینٹ نے خوراک کے ضیاع کے تدارک اور ایسی پالیسیوں اختیار کرنے پر زور دیا جن کی بدولت خوراک کی پیداوار اور میعار مزید بہتر بنایا جاسکے ۔ انہوں نے آنے والی نسلوں کے لیے میعاری اور وافر خوراک کی پائیدار اور رسائی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔