کراچی (آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل PAA ایئر وائس مارشل تیمور اقبال نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر نامزد ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل AVM ذیشان سعید اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمیر سعید بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران گورنر کنڈی کو ڈی آئی خان اور سکھر ایئرپورٹس کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد، موہنجو داڑو، چترال اور گلگت ایئرپورٹس کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی، جن کا مقصد علاقائی رابطوں کو بہتر بنانا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے PAA کی قیادت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان اور سکھر ایئرپورٹس جیسے منصوبے جلد از جلد شروع کیے جائیں تاکہ مقامی آبادی کو فائدہ پہنچے اور علاقائی ترقی کو فروغ ملے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سول ایوی ایشن شاہ فہد بھی موجود تھے.