گوجرانوالہ (آئی ایم ایم) حکومت پنجاب کی محکمہ تعلیم کو فعال اور منظم بنانے کیلئے صوبہ بھر میں تمام اضلاع میں سی ای او ایجوکیشن اور ڈی ای او ایجوکیشن کے تبادلے کرتے ہوئے تمام اضلاع میں میرٹ پر سی ای اوز ایجوکیشن اور ڈی ای اوز ایجوکیشن کی تقرریاں کر دیں، محکمہ تعلیم گوجرانوالہ میں سلطان احمد ہنجرا کو سی ای او ایجوکیشن اور جاوید لطیف کو ڈی ای او ایجوکیشن سیکنڈری تعینات کر دیا دونوں افسران نے اپنے عہدوں کا باقاعدہ طور پر چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا۔ دونوں افسران کو اپنے عہدوں کا چارج سنبھالنے کیلئے آفس آنے پر صوبائی نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین محمد طارق قریشی، ڈویژنل صدر محمد افضل ساجد، نائب صدر محمد شفیق بٹ، چیئرمین ایکٹا پاکستان عبدالواحد ڈار، محمد مسلم وڑائچ، ضلعی صدر میونسپل کارپوریشن سکولز اصغر جاوید پھلروان، عثمان بشیر وریا، عمر حیات مغل، امتیاز احمد وڑائچ، محبوب احمد انصاری سمیت دیگر نے والہانہ استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن سلطان احمد ہنجرا، ڈی ای او ایجوکیشن جاوید لطیف اور ڈی ای او ایلیمنٹری اعجاز احمد گورائیہ نے اساتذہ رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اور سکولز کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ”پڑھا لکھا پنجاب” کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اساتذہ کو سہولیات فراہم کرکے ذہنی طور پر پرسکون کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ اساتذہ دلجمعی اور یکسوئی کے ساتھ طالبعلموں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر سکیں اس طرح محکمہ تعلیم سے ٹائوٹ ازم کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔