اسلام آباد(آئی ایم ایم)الیکشن کمیشن میں اسلام آباد اور پنجاب لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سماعت ہوئی۔چیف سیکرٹری پنجاب ، سپشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، سیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران پیش ہوئے۔سیکرٹری وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی میٹنگ مورخہ 11ستمبر 2024 کے احکامات کے مطابق جو کمیٹی سیکرٹری وزارت داخلہ ، قانون ،چیف کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن پر مشتمل تھی اُس نے اپنی دو میٹنگز کےدوران اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015میں جن ترامیم کی ضرورت تھی اُسکا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ جو الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد قانون سازی کیلئے متعلقہ فورم پر بھیج دیا جائےگا۔ اُس کے بعد رولز اور فارموں میں جہاں پر ترامیم کی ضرورت ہوگی اُس کو مکمل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے سیکرٹری وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ قانون سازی کا عمل فوری مکمل کیاجائے تاکہ الیکشن کمیشن الیکشن کے فوری انعقا د کو یقینی بنائے۔ جس پر سیکرٹری وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ پنجاب گورنمنٹ نے ڈرافٹ لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر 99فیصد کام مکمل کرلیا ہے ۔ البتہ پنجا ب گورنمنٹ کو قانون سازی اور ڈرافٹ کو بہتر کرنے کیلئے کم ازکم چھ ہفتوں کا ٹائم درکار ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو قانون کا ابتدائی مسود ہ بھی پیش کیا۔ کمیشن نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ چھ ہفتوں میں قانون سازی کو یقینی بنائیں تاکہ صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد فوری کیا جائے۔