اسلام آباد(آئی ایم ایم)لوک ورثہ وزارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے زیراہتمام 8 سے 17 نومبر 2024 تک اسلام آباد میں 10 روزہ سالانہ”لوک میلہ” کا انعقاد کر رہا ہے۔اس سال میلے میں لوک ورثہ اپنے پچاس سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات بھی منائے گا۔ اس سلسلے میں میلے میں کئی نئے اور جدید پُرکشش پروگرامز شامل کیے جا رہے ہیں۔میلے کا مقصد پاکستان کے ثقافتی ورثے کا تحفظّ ، تمام وفاقی اکائیوں کے درمیان قومی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور ماہر ہنرمندوں، لوک فنکاروں، لوک موسیقاروں اور لوک رقاصوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے قومی سطح پرایک پلیٹ فارم مہیاکرنا ہے۔
ہر سال کی طرح اس میلے کا انعقاد تمام صوبائی محکمہ ثقافت کے باہمی تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ تمام صوبوں، بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میلے میں اپنے ثقافتی پویلین لگا رہے ہیں۔میلے کی اہم خصوصیات میں صوبائی ثقافتی پویلین، ہنرمنددستکار کام پر، بین الاقوامی ثقافتی پویلین، یوتھ کلچرل پویلین، لوک میوزیکل اور فوک ڈانس پرفارمنس، کٹھ پتلی شوز، این جی اوز کے اسٹالز، لوک کھانے، اور بہت سے دوسرے پُرکشش پروگرامز شامل ہیں۔