کراچی (آئی ایم ایم)خاتون مسافر 22 اکتوبر 2024 کو دبئی سے پرواز FZ 345 پر کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ QIAP پہنچیں۔ ان کے ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کے بعد، انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج میں کسٹمز اسکینر مشین پر ایک ٹرالی بیگ لاوارث پایا گیا۔ قائم مقام ٹرمینل مینیجر نے، کسٹم، انسداد منشیات فورس (ANF) اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کے اہلکاروں کی موجودگی میں بیگ کو اپنی تحویل میں لیا۔ بیگ میں موجود اشیاء کی فہرست مرتب کی گئی جس سے معلوم ہوا کہ بیگ میں سونے کے زیورات کے دو سیٹ – دو سونے کی بالیاں – مختلف مصنوعی زیورات – ایک خواتین کا سوٹ – اور دیگر ذاتی استعمال کی اشیاء موجود ہیں۔
ائیرپورٹ انتظامیہ نے ایئر لائن کے ذریعے ٹریس کیے گئے سیل فون نمبر کے ذریعے مسافر سے رابطہ کیا۔ اس کے بعد، ائیرپورٹ آنے پر ٹرمینل مینیجر نے مسافر کو بیگ سمیت تمام اشیاء واپس کر دیں۔ مسافر اور اس کے اہل خانہ نے ائیرپورٹ حکام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ائیرپورٹ انتظامیہ کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔