اسلام آباد (آئی ایم ایم)خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین اور ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے درمیان ملاقات ہوئی اس ملاقات کا مقصد ایئر یونیورسٹی اور گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان ایک مشترکہ ڈگری پروگرام کا قیام تھا۔ اس پروگرام کو فیصل آباد اور آئی بی اے سکھر کے مشترکہ پروگرام کی طرز پر مرتب کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے جو کہ جدید مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہو۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس بات پر زور دیا کہ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق پروگرامز اور کورسز کو متعارف کرایا جائے تاکہ طلباء کو گریجویشن کے بعد بہترین ملازمتیں حاصل کرنے کے لیے ضروری مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے تعلیمی پروگرامز میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ خیبرپختونخوا کی جامعات عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی نے اس موقع پر کہا کہ پروگرام کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور اس میں تمام پالیسیاں اور معیار تسلیم شدہ اور ریگولیٹری اداروں کے مطابق ہوں گے تاکہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار نے اس اشتراک کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور ایچ ای سی کے وسائل اور مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ اس پروگرام کے لیے ایک مضبوط فریم ورک تیار کیا جا سکے۔
اس موقع پر طلباء کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک پائیدار تعلیمی منصوبہ تشکیل دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے گومل یونیورسٹی کا دورہ کرنے اور ایک فزیبلٹی اسٹڈی کرنے کی تجویز پیش کی۔ اس اسٹڈی کی بنیاد پر ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا جو کہ گورنر اور ایچ ای سی چیئرمین کو پیش کیا جائے گا تاکہ پروگرام میں مزید پیش رفت کی جا سکے۔