اسلام آباد (آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر خصوصی بیان میں کہا کہ 77 سال سے بھارت نے اپنے غیر قانونی اقدامات کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو دبانے کی کوشش کی، اور آج بھی بھارت کی قابض افواج کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہی ہیں۔ گورنر نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی جمہوری حق سے محروم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کشمیری عوام کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بے مثال قربانیاں اور حق خود ارادیت کی جدوجہد تاریخ میں ایک سنہری باب کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے جابرانہ اقدامات، خاص طور پر 5 اگست 2019 کے بعد سے، کشمیری عوام کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کی مذموم کوشش ہیں۔ ان سخت ترین اقدامات کے باوجود، کشمیری عوام کی آزادی اور خودارادیت کی تڑپ کم نہیں ہوئی، بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق انکی آزادی اور حق خودارادیت کی بات کی ہے.
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ عالمی سطح پر کشمیری عوام کی بہترین وکالت کی ہے گورنر خیبرپختونخوا نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے تنازعے کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا اور ان کے ساتھ اخلاقی، سفارتی اور سیاسی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ اپنے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں اور حقوق کو دبا نہیں سکتا۔ کشمیر کا مسئلہ انصاف اور آزادی کی جدوجہد ہے، اور پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔