اسلام آباد(آئی ایم ایم)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسپیکر فیڈریشن کونسل آف رشین فیڈریشن، ویلنٹینا میٹویینکو کی قیادت میں پاکستان دورے پر آئے خصوصی پارلیمانی وفد کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ، مختلف ممالک کے سفیروں ، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس عشائیے کا مقصد پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے روسی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا کی عوام کی جانب سے خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے اور صوبے میں روسی سرمایہ کاری کے مواقع پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں توانائی، سیاحت، اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور روسی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو سکتا ہے۔روسی اسپیکر ویلنٹینا میٹویینکو نے عشائیے کی دعوت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے پرعزم ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔