گوجرانوالہ( آئی ایم ایم)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل فیصل ایوب کھوکھر سے آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز(APFUTU)کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں صدر ثمینہ اشرف جنرل سیکرٹری ضیا سید اور دیگر ہمراہ تھے ، ملاقات میں پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین و مزدورں کے مسائل سے آگاہ کیا، صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے فیڈریشن کے وفد کی جانب سے پیش کردہ سفارشات پر یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کم از کم اجرت کے گزٹ نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور ایک ماہ کے اندر اس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے میرج اور ڈیتھ گرانٹ کے لیے دو ارب روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں اور گزشتہ کئی سالوں سے زیر التوا کیسوں کو جلد نمٹا دیا جائے گا۔ لیبر کوڈ2024 کو پارلیمانی کمیٹی میں پیش کیا گیا ہے جہاں پر لیبر یونینز کے نمائندوں نے اپنی تجاویز پیش کی ہیں۔
حکومت مزدورں کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر قانون سازی کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ لیبر کوڈ2024 میں آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کی جانب سے پیشگی رقم کے متنازعہ قانون پر نظر ثانی اور اعلی عدلیہ کے فیصلوں کو تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت لیبر کوڈ2024 کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنا رہی ہے اور جلد ہی تمام ڈویژن میں ڈویژنل لیبر ویلفئیر ڈائریکٹر اس حوالے سے لیبر یونینز سے مشاورت بھی کریں گے۔