گوجرانوالہ( آئی ایم ایم )چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر احمد اکرام لون کو گفٹ یونیورسٹی کے نئے تشکیل شدہ ایڈوائزری بورڈ کے پہلے چیئرمین کے طور پر منتخب کر لیا گیا،ایڈوائزری بورڈ میں معروف صنعتکار، سفارتی شخصیات اور تعلیمی شعبے سے منسلک افراد شامل ہیں، جن کا مقصد گفٹ یونیورسٹی کو بین الاقوامی سطح پر تعلیمی اور تحقیقی شعبے میں نمایاں مقام دلانا ہے،ایڈوائزری بورڈ میں شامل اہم شخصیات میں سری لنکا کے اعزازی قونصل یاسین جوئیہ، پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے ایڈوائزر عاطف فاروقی، یونان کے اعزازی قونصل شہباز حیدر آغا، پاکستان چائنہ جوائنٹ چیمبر کے صدر نذیر حسین، ڈائریکٹر جی،بی،سی عثمان نواز باجوہ، خلیق منہاس، فصیح الرحمن،ڈائریکٹر گفٹ یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد قریشی، ڈین اورک ڈاکٹر قیصر درانی، ڈاکٹر فخر لودھی اور ڈاکٹر ام لیلہ شامل ہیں،احمد اکرام لون نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گفٹ یونیورسٹی کو علمی اور عملی میدان میں عالمی معیار کا ادارہ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، ایڈوائزری بورڈ کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے جو گفٹ یونیورسٹی کے مستقبل کی سمت متعین کرے گا،ہمارا مقصد گفٹ یونیورسٹی کو ایک بہترین تحقیقی اور تعلیمی مرکز بنانا ہے اس مقصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی یونیورسٹیز کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے گا جس سے مشترک آر اینڈ ڈی پراجیکٹس، فیکلٹی اور سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرامز، مشترکہ کورسز اور نیوز لیٹرز کا اجرا عمل میں لایا جائے گا ان اقدامات کے ذریعے طلبا دوسرے ممالک کے تدریسی تجربات سے مستفید ہوں گے اس سے نہ صرف طلبا کو نئی مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ اساتذہ بھی جدید تدریسی طریقوں سے روشناس ہوں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایڈوائزی بورڈ کے تمام ممبران اپنے اپنے شعبوں میں بے حد تجربہ اور مہارت رکھتے ہیں.
ان کی ایڈوائزری بورڈ میں شمولیت سے گفٹ یونیورسٹی کی تعلیمی صلاحیتوں کو تقویت ملے گی،ایڈوائزری بورڈ کے ساتھ ساتھ گفٹ یونیورسٹی کے انٹرپرنیورشپ ڈیویلپمنٹ بورڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے جو جی،بی،سی اور گفٹ یونیورسٹی کے مشترکہ انٹرپرنیورشپ سینٹر کو بہترین انداز میں چلانے میں اپنا کردار ادا کرے گا، انٹرپرنیورشپ ڈیویلپمنٹ بورڈ میں گوجرانوالہ کے 15نوجوان صنعتکار شامل ہیں جو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے گوجرانوالہ میں انٹرپرنیورشپ کلچر کو پروان چڑھائیں گے اور انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے درمیان فاصلوں میں کمی لائیں گے، جس کے لیے جی،بی،سی کے تعاون سے چلنے والے انڈسٹری اکیڈیمیہ پروگرامز جیسے Meet the CEO، GBC Talks، Mavericks the Podcast کو بھی فیسلیٹیٹ کیا جائے گا اسی طرح مختلف مینٹورشپ پروگرامز، ورک شاپس، ٹریننگز اور معاشی معاونت سے طلباکو نئے کاروبار شروع کرنے اور ان کو کامیابی سے چلانے کے بارے میں ہر قسم کی معاونت کرنا بھی اس بورڈ کی ذمہ داری ہوگی.
اس موقع پر چیئرمین گفٹ یونیورسٹی انور ڈار کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش تھی کہ گفٹ یونیورسٹی کے ایڈوائزری بورڈ کو تشکیل دیا جائے جو یونیورسٹی کو جدید تعلیمی نظام کے ساتھ ہم آہنگ کرنے میں مدد فراہم کرے،مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ ہم اس کام کو مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جس کے لیے میں چیئرمین جی،بی،سی احمد اکرام لون کی کاوشوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں امید کرتا ہوں کہ احمد اکرام لون کی قیادت میں تشکیل دیا جانے والا ایڈوائزری بورڈگوجرانوالہ کی تعلیمی فضا کو نئی روح دے گا اور طلبا کو آگے بڑھنے کے ایسے مواقع فراہم کرے گا جو انہیں قومی اور عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کریں گے۔