پشاور (آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر رؤف عطاء اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ انصاف کی فراہمی اور وکلاء کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اپنے پیغام میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران پر قوم کو فخر ہے عاصمہ جہانگیر گروپ کی کامیابی وکلاء برادری کے اصولوں پر کار بند رہنے کا عملی ثبوت ہے ، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وکلاء کے حقوق عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی بالادستی کی جدوجہد کی ہے اور نومنتخب عہدیداروں سے اس حوالہ سے وکلاء برادری کی توقعات وابستہ ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بار ایسوسی ایشن کا کردار ہمیشہ ملکی آئین، قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے لئے کلیدی رہا ہے، اور انہیں یقین ہے کہ نو منتخب عہدیداران اس مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے وکلاء برادری کو عدلیہ اور انصاف کے نظام کے استحکام میں اپنا کردار مزید مضبوط بنانے کی ترغیب دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ عہدیداران اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں گے۔