اسلام آباد (آئی ایم ایم)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے رہنماء اور صدر ٹرمپ کی الیکشن فنانس کمیٹی کے رکن ساجد تارڑ سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے اور باہمی دلچسپی بشمول امریکی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ملاقات کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی اور ساجد تارڑ نے اسلام آباد کے صحافیوں کے ساتھ حالات حاضرہ پر مشترکہ گفتگو کی۔
ساجد تارڑ نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو بتایا کہ امریکی کانگریس کا وفد پشاور کا دورہ کرنا چاہتا ہے اور وہاں کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کو دیکھنا چاہتا ہے جس پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے انہیں خوش آمدید کہا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان امریکہ سیاسی قیادت کے ساتھ قریبی روابط رکھنے کا خواہاں ہے اور امید رکھتے ہیں کہ انتخابات کے نتیجے میں جو بھی حکومت آئے اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات میں گرم جوشی آئے گی۔