اسلام آباد (آئی ایم ایم)یونائیٹڈ پیس فیڈریشن (UPF) انٹرنیشنل اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پارلیمنٹیرینز فار پیس کے چیئرمین ڈاکٹر چارلس ایس یانگ کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ہاؤس آف نمائندگان نیپال کے ممبر اور فارن ریلیشنز اینڈ ٹورزاذم کمیٹی نیپال کے چیئرمین اک ناتھ ڈھاکل اور آئی اے پی پی ایشیاء کے علاقائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سنتوش کمار ، ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی بھی موجود تھے اس ملاقات کا مقصد عالمی سطح پر امن کے فروغ، پارلیمانی تعاون اور بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے خیالات کا تبادلہ کرنا اور خیبرپختونخوا میں مذہبی ٹورازم کا فروغ تھا، ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے ڈاکٹر چارلس ایس یانگ اور دیگر ممبران کی عالمی امن اور پارلیمانی تعلقات کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو خطے میں استحکام، امن اور بین الاقوامی پارلیمانی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ عالمی سطح پر قیامِ امن کی کوششیں بین الاقوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہیں، اور پاکستان عالمی امن کے فروغ کے لئے تمام مثبت اقدامات میں شامل رہنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مذہبی سیاحت کے تاریخی مقامات ہیں ہم گندھارا تہذیب کے ساتھ ساتھ قدرتی نظاروں کے حامل علاقوں سے مالا مال صوبہ ہیں خیبرپختونخوا کاروشن امیج دنیا کے سامنے روشن کرنا انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر چارلس ایس یانگ اور انکے وفد کے ممبران نے خیبرپختونخوا میں قیامِ امن اور عوامی بہبود کے لئے گورنر خیبرپختونخوا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر امن کے قیام کے لئے پاکستان جیسے ملک کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں حکومت کی جانب سے امن کے قیام اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے گورنر خیبرپختونخوا کے اقدامات کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر یانگ نے کہا کہ یو پی ایف اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پارلیمنٹیرینز فار پیس، پاکستان کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرے گی جو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر استحکام اور امن کو فروغ دیں گے۔