پشاور(آئی ایم ایم)جنوبی وزیرستان اپر کے صحافیوں کے وفد نے صدر ہدایت اللہ خان محسود کی قیادت میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں جنوبی وزیرستان کے صحافیوں کو درپیش مسائل، قبائلی اضلاع میں صحافتی آزادی اور میڈیا کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ صحافیوں نے جنوبی وزیرستان میں میڈیا کے شعبے کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے علاقے میں مواصلات کے محدود وسائل، تحفظ اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی کا ذکر کیا اور حکومتی سطح پر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ صحافیوں نے یہ بھی کہا کہ جنوبی وزیرستان جیسے علاقوں میں مثبت اور غیر جانبدارانہ صحافت کا فروغ انتہائی اہم ہے، تاکہ وہاں کے عوام کی آواز اعلیٰ حکام تک پہنچ سکے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صحافیوں کے مسائل کو غور سے سنا اور انہیں حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور عوام کو باخبر رکھنا ایک اہم ذمہ داری ہے۔ گورنر نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی پیشہ ورانہ حفاظت اور سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔اںہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے صحافی علاقے کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔