پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے کشمیر پریمیئر لیگ (KPL) کی معروف فرنچائز مظفر آباد ٹائیگرز کے پی آر ڈائریکٹر اور سی ای او بن منان پرائیوٹ لمیٹیڈ اسلام آباد، سردار زاہد منان کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں یوسفزئی گروپ آف مارکیٹنگ کے سی ای او مبارک زیب خان یوسفزئی، دیر پریس کلب کے صدر صاحبزادہ مظہر الدین، اور طیب خان یوسفزئی بھی شامل تھے۔ اس ملاقات کے دوران وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو کرکٹ کی ترقی اور نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے پر ان کی خدمات کو سراہا۔وفد نے اپنی ٹیم کی طرف سے گورنر خیبرپختونخوا کو مظفر آباد ٹائیگرز کی خصوصی شیلڈ اور سوینئر پیش کیا۔
انہوں نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو کشمیر پریمیئر لیگ میں مظفر آباد ٹائیگرز کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور انہیں خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اپنی نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے مظفر آباد ٹائیگرز کی کامیابیوں کو سراہا اور کشمیر پریمیئر لیگ جیسے پلیٹ فارمز کو ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایک بہترین موقع قرار دیا۔انہوں نے اس موقع پر خیبرپختونخوا میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنی کاوشوں اور صوبے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی انکی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور صوبے میں بین الاقوامی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ اور دیگر کھیل نوجوانوں کو نہ صرف جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں بلکہ ان کے مثبت کردار کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں گورنر فٹبال کپ کا انعقاد کیا جارہا ہے ، گورنر ہاؤس میں بچ تیار کی جارہی ہے تاکہ یہاں دوستانہ کرکٹ میچز کاانعقاد کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی کرکٹ فرنچائز کو میں نے دعوت دی ہے کہ وہ پشاور آئیں اور یہاں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کریں اور انکی صلاحیتوں سے استفادہ کریں۔