پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کھلاڑی اپنے ملک کی سفیر کی مانند ہیں، سکواش میں بہت عرصہ ہمارے کھلاڑیوں کا راج تھا، جان شیر خان کے بعد ملک میں سکواش زوال پذیر ہوا. میری توجہ نوجوانوں کو آگے لانا اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر ہیں. بہت جلد صوبہ میں مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیاجائیگا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گورنر ہاوس پشاور میں سکواش کھلاڑی احسن ایاز کو زکوڑی گروپ اف انڈسٹریز کی جانب سپانسر کرنے سے متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر زکوڑی گروپ آف اندسٹریز کے سی ای او ایوب خان زکوڑی اور نوجوان اسکواش کھلاڑی نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ نوجوانوں کا جذبہ اور تخلیقی صلاحیتیں کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا صحیح استعمال اور اس کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کردار ادا کرتا رہوں گا. کھلاڑیوں کی سپانسرشپ کو جاری رکھنا کھیلوں کی ترقی اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ گورنر ہاؤس کے دروازے کھلاڑیوں سمیت سب کے لیے کھلے ہیں، اس تعاون سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور ان کی کارکردگی پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے اس حوالہ سے چیئرپرسن نیوٹک گلمینہ بلال کے تعاون اور کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ذکوڑی گروپ کے کردار کو دیگر صنعتی اداروں کے لیئے رول ماڈل قرار دیا بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مذہبی سیاحت کی فروغ ترجیح ہے۔
غیر ملکی سیاحوں پر خیبرپختونخوا میں پابندی ہے اسے ہٹانے کی کوشش کرونگا، امن و امان سب سے پہلا اور اہم مسئلہ ہے، بدقسمتی سے صوبائی حکومت امن و امان کی بہتری پر توجہ نہیں دے رہی. امن کی خاطر ہی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں آل پارٹی کانفرنس میں شرکت کی، گورنر نے کہا کہ وفاق کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے امن و امان کے سلسلے میں وزیر اعظم کو خط لکھا ہے، لکی مروت ،کوہاٹ،پاراچنار میں پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، ہمیں مل کر دھشت گردی کے خلاف اور امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا.