پشاور(آئی ایم ایم)ترکی کے ادارہ ترک ائیروسپیس کے اعلی سطحی نمائندہ وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، وفد کے ارکان گوخان اوکر ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز اینڈ ڈپٹی سیکرٹری ایس ایس بی ، سہیل ساجد کنٹری ہیڈ پاکستان اور عبداللہ ارگان نے ترک ائیروسپیس پر ہونے والے حملوں کے ردعمل میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے فوری اظہار یکجہتی اور اسلام آباد نسٹ یونیورسٹی میں ائیروسپیس دفتر کا دورہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کے اس اقدام کو ترکی میں سرکاری اور عوامی سطح پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور عالمی مسائل پر گفتگو کی گئی۔ وفد نے کہا کہ پاکستان اور ترکی ہمیشہ سے ہی برادرانہ تعلقات کے حامل ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ترک وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات نہایت گہرے اور مضبوط ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ترک بھائیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور ہر قسم کی مشکل میں ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے مہمانوں کو روایتی تحائف بھی پیش کیئے گئے۔