پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی اظہار جمہوریت کا بنیادی ستون ہے، اور صحافی اس ستون کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام تک سچائی پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف ہونے والے جرائم کو روکنا اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس دن کے موقع پر ہم صحافیوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری اور مقامی حکام سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کے خلاف جرائم کو روکنے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے صحافیوں کی خدمات اور قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ بغیر خوف و خطر کے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔