گوجرانوالہ(آئی ایم ایم)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سابق ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ انیس احمد نے سٹی پبلک سکول پیپلز کالونی کے چیئرمین شیخ زبیر سعید سے ملاقات کی اور انہیں یو اے ای میں منعقدہ ایک بین الاقوامی سیمینار سے تعلیم کے موضوع میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور بہترین اسکول کا ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔ڈاکٹر شیخ انیس احمد نے اس موقع پر کہا کہ میری لینڈ سٹیٹ یونیورسٹی کی جانب سے شیخ زبیر سعید کی انتھک محنت، شاندار قیادت اور پاکستان کے تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے خدمات کے اعتراف میں یو اے ای میں منعقدہ ایک بین الاقوامی سیمینار میں تعلیم کے موضوع میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور سٹی پبلک سکول پیپلز کالونی گوجرانوالہ کو بہترین اسکول کا ایوارڈ ملنا گوجرانوالہ اور پاکستان کے لئے ایک بہت بڑا اعزا زہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زبیر سعید نہایت فرض شناس ،محنتی استاد اور ایک بہترین ایڈمنسٹریٹر ہیں جن کی قیادت میں سٹی پبلک سکو ل گوجرانوالہ کا ایک مثالی تعلیمی ادارہ بن چکا ہے۔ اس سکول سے تعلیم حاصل کرنے والے بچے اپنی تعلیم مکمل کرکے اندرون و بیرون ممالک نمایاں عہدوں پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پرسٹی پبلک سکول پیپلز کالونی کے چیئرمین شیخ زبیر سعید نے ڈاکٹر شیخ انیس احمد اور دیگر سماجی تعلیمی حلقوں کی کی طرف سے مبارک باد پر شکریہ ادا کیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم ان عالمی ایوارڈز کے ملنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔تعلیم کے فروغ کیلئے یہ اعزازات ہماری انتھک محنت اور لگن کا نتیجہ ہیں جو ہمارے عزم اور حوصلے میں اضافہ کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کے تعلیمی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔