اسلام آباد (سٹی رپورٹر) ایف ٹین مرکز کے انتخابات میں تاجر اتحاد گروپ کے امیدوار برائے صدر عاطف جمیل بٹ نے کہا ہے کہ تاجروں کے مسائل کو حل کرنا انکی اولین ترجیح ہے،ماضی میں تاجروں کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دی گئی جسکی وجہ سے مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہوا، عاطف جمیل بٹ نے ان خیالات کا اظہار ایف ٹین کی تاجر برادری کی تاجر اتحاد گروپ میں شمولیت کے موقع پر کیا، گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں آٹو ورکشاپس، آٹو ڈیکوریشن، ٹیلرز اور ہوٹل اینڈ ریسٹونٹس سے متعلقہ افرادکی بڑی تعداد شامل تھی، تاجر اتحاد گروپ میں شمولیت اختیار والے افراد میں رانا خالد علی خان جبکہ ملک محمد اشرف، ارشد محمود عباسی، اقبال بٹ، ڈاکٹر محمد ارشد و دیگر شامل تھے۔
عاطف جمیل بٹ نے مزید کہا کہ عرصہ دراز سے ایف ٹین کے تاجروں کی آواز خاموش تھی اور ایک جمہود طاری تھا جسکی وجہ سے تاجروں کے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھتے چلے جا رہے تھے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے تاجروں کی آواز بننے کا فیصلہ کیا،منتخب ہو کر تاجروں کے تمام مسائل کو حل کراؤں گا، اس موقع پر گروپ میں شامل ہونے والے تاجروں نے عاطف جمیل بٹ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوان اور خدمت کے جذبہ سے شرشار تاجر رہنماء ہیں، انکا ماضی بھی خدمت کی سیاست کا مظہر ہے، امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ایف ٹین مرکز کے تاجروں کے مصائب و آلام اور مسائل کو حل کرائینگے۔