پشاور(آئی ایم ایم)وزیر قبیلے کے چیف حاجی جلال خان وزیر اور پروفیسر مظہرالدین وزیر نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرستان کے عوام کو درپیش مسائل اور خاص طور پر انگور اڈہ سرحدی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حاجی جلال خان وزیر اور پروفیسر مظہرالدین وزیر نے وزیرستان کے عوام کی مشکلات اور ان کی روزمرہ زندگی پر سرحدی تنازعات کے اثرات سے گورنر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرحدی امور اور نقل و حرکت کے معاملات کو باقاعدہ اور آسان بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، تاکہ وزیرستان کے لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت وزیرستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے انگور اڈہ بارڈر کے مسئلے پر بھی بات چیت کی اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کا وعدہ کیا۔ گورنر نے کہا کہ وہ وزیرستان کے مسائل کو اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے تاکہ دیرپا حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔