لاہور (آئی ایم ایم) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے لاہور میں صحافیوں، دانشوروں اور بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی, ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال پر روشنی ڈالی اور ان چیلنجز کا ذکر کیا جن کا صوبے کو سامنا ہے، خاص طور پر معاشی ترقی اور سیکیورٹی کے مسائل۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الصوبائی روابط کو مضبوط بنا کر ان چیلنجز کا مؤثر حل نکالا جا سکتا ہے۔گورنر نے وفد کو بتایا کہ خیبرپختونخوا میں ملک کے دیگر صوبوں کے تجربات سے سیکھنے اور اپنے صوبے میں جدید ترین پالیسیز کے نفاذ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ انگیجنٹ اور وویمن امپاورمنٹ میری ترجیحات میں شامل ہے خیبر پختونخوا کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنا ضروری ہے ،صحافیوں اور دانشوروں نےگورنر سے صوبے میں میڈیا کے کردار پر بھی بات چیت کی۔ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا مثبت اور غیر جانبدارانہ کردار عوام کو حقیقت سے آگاہ رکھنے اور سماجی ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لئے ضروری ہے۔
بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے خیبرپختونخوا میں کاروبار کے مواقع اور سرمایہ کاری کے حوالے سے سوالات کیے اور اس بات پر گفتگو کی کہ کیسے بین الصوبائی تعاون سے کاروباری ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ گورنر نے یقین دلایا کہ ہم سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ملاقات کے دوران دانشوروں نے تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور تجویز دی کہ خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں کے درمیان تعلیمی و ثقافتی پروگرامز کے تبادلے سے نہ صرف طلباء کو فائدہ ہوگا بلکہ عوام کے درمیان تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کی تجاویز اور خیالات کو سراہا اور کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر ملک کی مجموعی ترقی اور استحکام کے لئے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں ہر صوبے کا کردار اہم ہے، اور ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ سکیں۔