لاہور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لاہور میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (PSPA) کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال وائس چیئرپرسن جہاں آراء وٹو اوردیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی کو اتھارٹی کی جانب سے جاری مختلف سماجی پروگرامز، جیسے مالی معاونت، صحت سہولیات، اور غربت میں کمی کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ PSPA نے کس طرح جدید ڈیجیٹل سسٹمز اور شفافیت پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے لاکھوں مستحقین کی زندگیوں میں بہتری لائی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے PSPA کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا ماڈل دیگر صوبوں کے لئے بھی مشعل راہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الصوبائی تعاون کے ذریعے سماجی بہبود کے دائرے کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے اور ملک بھر میں ایک جامع نظام تشکیل دیا جا سکتا ہے جس سے مستحق افراد کی مشکلات کو کم کیا جا سکے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت “ہم خیبرپختونخوا میں ایسے پروگرامز متعارف کرانا چاہتے ہیں جو صوبے کی عوام کو براہ راست فائدہ پہنچائیں اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کو عوامی خدمت کے کاموں میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرنا چاہیئے سابقہ دور وزارت میں ہم نے خواجہ سراؤں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں درپیش حائل رکاوٹیں دور کیں اور انہیں سہولیات فراہم کیں ، سندھ میں علاج مکمل فری ہے کسی کارڈ کی ضرورت نہیں یہ بات دیگر صوبوں کے لیئے مشعل راہ ہے ، سندھ نے تعلیم کے لیئے 32 ارب رکھے جبکہ باقی صوبوں نے کم بجٹ رکھا ہمیں ایسی مثبت پالیسیوں کو فالو کرنا چاہیئے ۔ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی وائس چیئرپرسن جہاں آراء وٹو نے گورنر خیبرپختونخوا کے دورے کو خوش آئند قرار دیا اور یقین دلایا کہ پنجاب حکومت اور PSPA خیبرپختونخوا کے ساتھ اپنے تجربات اور کامیاب پالیسیز کا تبادلہ کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا انسانیت کی خدمت کا ایک جذبہ ہے جس کے تحت ہم کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان اس طرح کے دورے اور روابط باہمی سیکھنے اور ترقی کے عمل کو فروغ دیتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سابق سینیئر صوبائی وزیر حسن مرتضی بھی انکے ہمراہ تھے۔