پشاور(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقبال کی فکر اور فلسفہ ہمارے لئے ایک روشن چراغ کی مانند ہے جو ہمیں خودی، اتحاد اور ترقی کی راہ دکھاتا ہے۔ علامہ اقبال نہ صرف ایک عظیم شاعر بلکہ ایک فلسفی اور مفکر تھے جنہوں نے اپنے اشعار کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو بیداری اور آزادی کی تحریک دی۔گورنر نے کہا کہ اقبال کا پیغام آج بھی ہمارے لئے اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ ان کے دور میں تھا۔ ان کی شاعری ہمیں خودی کی تعلیم دیتی ہے اور اس بات کی تلقین کرتی ہے کہ ہم اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کریں اور ملک و قوم کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اقبال کے افکار کو سمجھنے اور اپنی زندگیوں میں اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ سکیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اقبال کی شاعری اور فلسفے سے رہنمائی حاصل کریں اور اپنے اندر کے جوہر کو پہچانیں۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کی تعلیمات ہمیں مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ثابت قدم رہنے اور ملکی مفاد کو اولین ترجیح دینے کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا، آئیں، ہم سب اقبال کی تعلیمات کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں اور مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کریں۔