لاہور(آئی ایم ایم) ڈیرہ اسماعیل خان سے سابق امیدوار قومی اسمبلی اور معروف روحانی خانوادہ آف بلوٹ شریف کے چشم و چراغ، مخدوم زادہ سید علی رضا شاہ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے اعزاز میں ایک پُروقار استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں سابق ایم پی اے علی حیدر نور خان نیازی آف میانوالی ، سابق ضلع ناظم نوابزادہ عزیز اللہ خان علی زئی اور دیگر معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، مخدوم زادہ سید علی رضا شاہ نے گورنر خیبرپختونخوا کی علاقے کے لئے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی نے ہمیشہ ڈیرہ اسماعیل خان اور خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے اور ان کی قیادت میں صوبے میں مختلف مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میزبان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ ہمیشہ یہاں کے عوام کی خدمت کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی، امن و امان کی بحالی، اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روحانی اور سماجی رہنماؤں کی علاقے کی ترقی میں اہمیت ہے اور ان کی رہنمائی سے معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارہ فروغ پاتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر نے ہونگے۔