مردان(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کے درمیان مردان میں اہم ملاقات ہوئی , ملاقات میں صوبے کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی ضرورت اور افادیت پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا کے دیرینہ مسائل، جن میں قیام امن ، وسائل کی تقسیم، مالی حقوق اور وفاقی سطح پر صوبے کے جائز حصے کا حصول شامل ہیں، کو حل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کا اتحاد ضروری ہے۔ قیام امن پر فوری توجہ نہ دی گئی تو صورت حال انتہائی تشویش ناک حد تک جاسکتی ہے اور بدامنی کی لہر خدا نخواستہ ملک کے دیگر حصوں تک پھیلنے کا بھی اندیشہ ہے ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے خیبرپختونخوا کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر آنا ہوگا تاکہ وفاق پر دباؤ ڈالا جا سکے اور صوبے کے حقوق کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے مالی وسائل اور ترقیاتی فنڈز کے حصول کے لیے صوبائی سطح پر متحد آواز اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔
سابق وزیر اعلی امیر حیدر خان ہوتی نے بھی اس اتحاد کی افادیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے مابین تعاون سے نہ صرف عوام کے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی بلکہ یہ صوبے کی سیاسی خود مختاری اور استحکام کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کاوشوں کو سراہا اور صوبائی جرگہ اور صوبہ کے مسائل کے حل میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی اختلافات کے باوجود خیبرپختونخوا کی جماعتوں نے کئی مواقع پر صوبے کے مفادات کے لیے مل کر کام کیا ہے اور آئندہ بھی اس روایت کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے تعلقات دیرینہ اور مثالی ہیں۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری شجاع خانزادہ المعروف شاذی خان ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ابرار سعید سواتی ، انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے وائس چیئرمین فرزند علی وزیر ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی فنانس سیکرٹری ہارون خان، مردان کے ضلعی صدر عمران مندوری ، جنرل سیکرٹری بن یامین خان، پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر فاروق خان ہوتی ، ضلعی صدر اسد خان ، فضل حسین بھی موجود تھے۔