اسلام آباد(آئی ایم ایم)صدر مملکت آصف علی زرداری نے 31 اکتوبر کو زخمی ہونے کے بعد عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے خیر سگالی کے پیغام پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق 3 نومبر کو ایک خط میں چین کے صدر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو چوٹ لگنے پر تشویش اور صدر مملکت کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے خط میں پاک چین دوستی کی گہرائی کا اعادہ کرتے ہوئے صدر مملکت کو باہمی طور پر مناسب وقت پر چین کا دورہ کرنے کی گرمجوشی سے دعوت بھی دی تھی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی صدر کی جانب سے خیر سگالی کے پیغام پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کی قیادت اور عوام کی جانب سے صحتیابی کے پیغامات سے متاثر ہوا ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل قریب میں مناسب تاریخ پر چین کا دورہ کروں گا، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور آہنی بندھن کو مزید تقویت ملے گی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور چین کے درمیان ”آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ“ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ صدر شی جن پنگ نے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے عزم پر زور دیا۔ صدر مملکت نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت، قیادت اور پاک چین تعلقات آگے بڑھانے میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔