اسلام آباد(آئی ایم ایم)پاکستان میں ذیابیطس کے مرض میں مبتلا افراد کی تعداد 62 لاکھ سے بڑھ کر 2021 میں 3 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ ذیابیطس میں تیزی سے اضافے نے پاکستان کو بیماریوں کے پھیلاؤ کی شرح کے لحاظ سے عالمی سطح پر پہلے نمبر پر رکھا ہے جہاں ہر تیسرا بالغ پاکستانی ذیابیطس کا شکار ہے۔ پاکستان میں روزانہ تقریباً 1100 اموات ذیابیطس یا اس کی پیچیدگیوں سے ہوتی ہیں۔ اگر فوری طور پر کوئی پالیسی اقدام نہ اٹھایا گیا تو 2045 تک ذیابیطس کے شکار لوگوں کی تعداد 6 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ خاص طور پر صنعتی طور پر تیار کی جانے والی ٹرانس فیٹس، میٹھے مشروبات اور جنک فوڈ کا استعمال بیماریوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پراسیس شدہ کھانوں، تلی ہوئی اشیاء اور بیکڈ اشیا میں پائی جانے والی ٹرانس فیٹس انسولین کے خلاف مزاحمت کو بڑھانے، خراب کولیسٹرول (LDL) کو بڑھانے اور سوزش کو فروغ دیتے ہیں – یہ سب ٹائپ 2 ذیابیطس اور قلبی امراض کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔ دنیا نے میٹھے مشروبات اور دیگر الٹرا پراسیسڈ فوڈز پر ٹیکسوں میں اضافہ کر کے اور ان پر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز لگانے جیسے اقدامات کر کے ان کے استعمال میں کمی کی جس سے زیا بیطس اور دیگر بیماریوں میں کمی آئی۔ یہ بات سول سوسائٹی تنظیموں پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (PANAH)، ہارٹ فائل، سینٹر فار پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹیو، پاکستان یوتھ چینج ایڈووکیٹس کے نمائندوں نے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے منعقدہ واک کے دوران کہی۔
مہمانوں میں ڈاکٹر عبدالقیوم اعوان سینئر ایگزیکٹو نائب صدر پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (PANAH)، جناب افضل بٹ صدر یونین آف جرنلسٹ، جناب انور رضا صدر اسلام آباد پریس کلب، ڈاکٹر صبا امجد- سی ای او ہارٹ فائل، جناب منور حسین کنٹری کوآرڈینیٹر گلوبل ہیلتھ ایڈووکیسی انکیوبیٹر (GHAI)، PYCA کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محترمہ اریبہ شاہد-، جناب مختار احمد علی- ایگزیکٹو ڈائریکٹر سینٹر فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ انیشیٹو (CPDI)، جناب ثناء اللہ گھمن جنرل سیکرٹری پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (PANAH)، سول سوسائٹی کے نمائندے، میڈیا، طلباء، اساتذہ، صحت کے ماہرین اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
جناب منور حسین نے کہا کہ میٹھے مشروبات خوراک میں شکر کی مقدار بڑھانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ مائع شوگر جسم کے میٹابولزم کو تبدیل کرتی ہے، ضرورت سے زیادہ کیلوریز کو فروغ دیتی ہے جس سے ذیابیطس ٹائپ ٹو اور بہت سی دیگر مہلک بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ کئی تحقیقی مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ میٹھے مشروبات کے استعمال کا ٹائپ 2 ذیابیطس کے ساتھ واضح تعلق ہے۔ میٹھے مشروبات کا باقاعدہ استعمال ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھا سکتا ہے، جسے اس کے استعمال کو کم کر کے کم کیا جا سکتا ہے۔ الٹرا پروسیس شدہ کھانے اور مشروبات کی مصنوعات کے صحت پر منفی اثرات کی وجہ سے، کئی ممالک نے ان کی کھپت کو کم کرنے کے لیے موثر پالیسی اقدامات کیے ہیں۔ ان اقدامات میں ان پراڈکٹس پر ٹیکس بڑھانا اور فرنٹ آف پیک لیبلنگ اور انتباہی علامات کا نفاذ شامل ہے تاکہ صارفین کو صحت مند کھانے کے انتخاب کے لیے رہنمائی کی جا سکے۔
جناب ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ شوگر والے مشروبات پر زیادہ ٹیکس ذیابیطس اور دیگر مہلک غیر متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے ایک موثر حکمت عملی ثابت ہوتا ہے۔ بحرین، مراکش، عمان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت تقریباً 50 ممالک نے یہ طریقہ کامیابی سے اپنایا ہے۔
ان اقدامات کے نتائج نے ان ممالک میں شوگر والے مشروبات کے استعمال میں نمایاں کمی اور ذیابیطس کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد کی ہے۔ہارٹ فائل کی ڈاکٹر صباء امجد یوتھ چینج ایڈووکیٹ کی میڈم اریبہ سنٹر فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ انیشیٹو کے جناب مختار صاحب کے اپنے اپنے خطاب میں حکومت پر زور دیا کہ اس بم کو پھٹنے سے پہلے حکومت اپنے عوام کی صحت کو بچا نے کے لیے ضروری اقدامات کرے.