کراچی(آئی ایم ایم) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنما و سابق وفاقی وزیر جہانگیر بدر مرحوم کو ان کی آٹھویں برسی پرشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک مخلص جمہوریت پسند اور سچے جیالے تھے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جہانگیر بدر مرحوم کی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات اور پارٹی سے طویل و غیر متزلزل وابستگی مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنے مرحوم ساتھی کی یاد کو جمہوریت، سماجی انصاف، اور مساوات کے اصولوں کو فروغ دے کر زندہ رکھیں ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں جہانگیر بدر مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کی دعا بھی کی۔