ڈیرہ اسماعیل خان(آئی ایم ایم)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پہاڑ پور گرڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے اقدامات کے نتائج جلد ہی عملی صورت میں سامنے آئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہاڑ پور میں تاجران اور معززین کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا انجمن تاجران پہاڑ پور کے چیئرمین نعمان نیازی ، حاجی محمد اقبال ، حاجی باغ علی ، چوہدری نذیر احمد ، معروف سیاسی و سماجی جنید طارق قریشی اور دیگر معززین نے انہیں علاقہ کے مسائل بیان کیئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سی پیک کا پہاڑ پور پنیالہ کے لیئے انٹرچینج قائم کیا جائے گا نادرا دفتر پہاڑ پور میں پاسپورٹ کا کاؤنٹر قائم کیا جائے گا تاکہ یہاں کے باسیوں کو پاسپورٹ کے لیئے ڈیرہ اسماعیل خان نہ جانا پڑے انہوں نے کہا کہ کوٹ جائی میں نادرا دفتر قائم کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی پہاڑ پور کیمپس کے حوالہ سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ یہاں کے بچوں کو دہلیز پر اعلی تعلیم میسر ہو انہوں نے کہا کہ کلور کوٹ کڑی خیسور روڈ کے حوالہ سے پیش رفت جاری ہے انہوں نے کہا کہ چشمہ رائیٹ بنک کینال علاقائی مفاد کا منصوبہ ہے اس سے مفاد پرست عناصر کو تکلیف ہو تو ہم نے کسی کے ذاتی مفادات کا نہیں بلکہ عوام اور علاقہ کی تقدیر کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرینگے اس نہر پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا.