گوجرانوالہ( آئی ایم ایم)ادارہ تنظیم العزیز رجسٹرڈ گوجرانوالہ کے زیر اہتمام جامعہ معارف اسلام سکول سسٹم و جامع مسجد اتحاد المسلمین دربار عالیہ پیر حکیم صوفی محمد شفیع کے قرآن پاک حفظ کرنے والے طلبا کی ء دستار بندی اور اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین مذہبی سکالر صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن سجادہ نشین دربار عالیہ محمدیہ عید گاہ شریف راولپنڈی ، ڈاکٹر پیر تجمل حسین نقشبندی قادری عزیزی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بکھڑے والی شریف،علامہ مولانا صاحبزادہ خلیل احمد مرتضائی بانی تحریک اتباع رسول ۖ، صاحبزادہ پیر سید عصمت علی شاہ گیلانی کوٹلی میانی شریف،پیر سید مستجاب علی شیرازی،پیر سید طیب حسین شاہکوٹ بارے خاں نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے قرآن کریم کو قیامت تک آنے والے انسانوں کی ہدایت کے لئے نازل فرمایا ہے۔ قرآن کریم سے فائدہ اللہ تعالی سے ڈرنے والے انسان ہی اٹھاتے ہیں۔ صحابہ کرام ، اہلیبیت اور والدین سے قطع تعلق کرنے والے کبھی قرآن سے ہدایت کا نور حاصل نہیں کرسکتے۔ سچے دل اور نیت سے ہدایت کی تلاش کرنے والوں کو قرآن پاک صراطِ مستقیم دکھاتا ہے۔ اور ان کے ظاہر باطن کو منورکرکے ان کے ایمان کو تقویت دیتا ہے۔
قرآن پاک کو دنیا کے تمام انسانوں کی نجات کے لئے بھی نازل کیا گیا ہے۔ اس پرعمل کرنے میں دین و دنیا کی فلاح ہے۔آج جن بچوں نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ہے۔ صرف وہی قابل مبارکباد نہیں بلکہ ان کے والدین ، ان کے اساتذہ اور ادارہ کے تمام ذمہ داران اور کارکنان بھی قابلِ مبارک اور اجر و ثواب کے مستحق ہیں۔ تقریب میں قرآن پاک حفظ کرنے والے طلبا کی ء دستار بندی کی گئی اور اسناد تقسیم کی گئی۔اس موقع پر ملک و ملت کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کے خصوصی دعائیں کی گئیں۔