اسلام آباد(آئی ایم ایم)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے ایک بار پھر تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اختلافات اور انا کو ایک طرف رکھیں اور ملک کو درپیش سنجیدہ چیلنجز کا عملی حل تلاش کرنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں ۔ ان کی اپیل پاکستان کو اس کی موجودہ معاشی بدحالی سے نکالنے اور اسے طویل مدتی خوشحالی کی طرف پائیدار راہ پر گامزن کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے ۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے، صدر قریشی نے ملک بھر میں اکثر سڑکوں کی بندش اور اس کے شدید اقتصادی اثرات پر روشنی ڈالی جن کے مطابق پاکستان کو یومیہ 190 ارب کا نقصان ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں ٹیکس کی وصولی پر منفی اثر پڑتا ہے اور پہلے سے ہی کمزور برآمدی شعبے کو مزید کمزور کرتا ہے۔ انہوں نے مزید نشاندہی کی کہ ملک کی کاروباری برادری حکومتی پالیسیوں سے پیدا ہونے والے متعدد عوامل کی وجہ سے کاروبار کرنے کے لیے سازگار ماحول کی کمی پر پہلے ھی گہری تشویش میں مبتلا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ آے روز کے شٹ ڈاؤنز کاروبار کو درپیش مشکلات کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ اپنی سوچ کو تبدیل کریں اور طویل مدتی، اچھی طرح سے تیار کی گئی اقتصادی پالیسیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایں۔جو ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنا نے کا باعث بنیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم اپنے وطن کے تحفظ کو ہر چیز پر فوقیت دے۔