اسلام آباد (آئی ایم ایم) سینیٹر دنیش کمار نے کموڈیا میں منعقدہ برداشت اور امن کے فروغ کے سلسلے میں قائم بین الاقوامی پارلیمان کے ایک اہم سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات اور عدم مساوات کے باعث منقسم دنیا میں امن، برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ اس تمام عمل میں حکومتوں، پارلیمانوں اور سول سو سا ئٹی کا پرامن معاشروں کے قیام میں ایک مثالی کردار ہے۔
سینیٹر دنیش کمار اور ایڈوائزر محترمہ مصبا ح کھر کموڈیا میں منعقدہ کانفرنس میں شریک ہیں جہاں انہوں نے پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی سینیٹر دنیش کمار نے مسائل پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ دہشت گردی کے باعث بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان اٹھانے کے باوجود پاکستان امن اتحاد اور مفاہمت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ برداشت کے رویوں کو فروغ دینے کے لیے حکومتوں اور پارلیمانوں کو سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں تعلیم اور ڈائیلاگ کے عمل کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مسائل کے حل کے لیے بین الاقوامی تعاون نا گزیر ہے۔انہوں نے کموڈیا میں ہونے والے اس سیشن کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ اس کی بدولت ہم اپنے مستقبل کو بہتر انداز میں محفوظ بنا سکتے ہیں۔
سینیٹر دنیش کمار اور ایڈوائزر محترمہ مصباح کھر نے اس موقع پر یونیورسل امن چارٹر برائے عوام و کرہ عرض پر بھی دستخط کیے۔ اس موقع پر سابق سینٹر مشاہد حسین سید بھی موجود تھے۔ پاکستانی وفد جس میں سینیٹر دنیش کمار اور ایڈوائزر مصباح کھر شامل تھے۔ انہوں نے کموڈیا کی نیشنل اسمبلی کی صدر خوآن سدرے سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور ادارہ جاتی روابط کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر دنیش کمار نے پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے اور وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔ کموڈ یا کی قومی اسمبلی کی صدر نے پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا اور وفد کی کانفرنس میں موثر شرکت اور موقف بیان کرنے کو سراہا۔