کراچی( آئی ایم ایم) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی- 20 ورلڈ کپ جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور کھلاڑیوں کے لیے اپنی نیک تمناوَں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت خصوصی صلاحیتوں کے حامل پاکستانیوں کی جانب سے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے وطن کے لیے ایک شاندار تحفہ ہے، جو پورے ملک کے لیے فخر کا باعث ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کھلاڑیوں کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں اُن کی غیرمعمولی محنت اور مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی جیت قوم کے لیے بے پناہ فخر اور خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت، لگن، اور ناقابل شکست جذبے نے یہ ثابت کیا کہ کوئی رکاوٹ ناقابل عبور نہیں۔ آپ لاکھوں افراد کے لیے ایک مثال ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ بلائینڈ کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی ملک کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ یہ کامیابی پاکستان میں خصوصی افراد کی صلاحیتوں اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ قوم ہر شعبے میں عظمت حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں خصوصی افراد کے لیے کھیلوں کے میدان سمیت وسیع تر مواقع فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل رہے گی۔ چیئرمین نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی خصوصی ضروریات کے حامل افراد کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کے اپنے مشن پر ثابت قدم ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔