اسلام آباد(آئی ایم ایم)ایتھوپیا اور پاکستان نے بدھ کے روز ہوابازی کےشعبہ میں تعاون کو وسعت دے کر دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔اس بات پر اتفاق ،ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمال بکرعبداللہ اوروفاقی سیکریٹری ایوی ایشن احسن علی منگی کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔
ملاقات کے دوران، انہوں نے باہمی مفادات کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط میں اضافہ کرنے اور علم و ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے باہمی تعاون شامل ہے۔ملاقات کے دوران، ڈاکٹر جمال نے کراچی میں ایتھوپین ایئرلائنز کے آپریشن شروع کرنے میں پاکستان کی حکومت کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان کے دیگر شہروں میں ایتھوپین ایئرلائنز کا آغاز کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ نہ صرف ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان بلکہ افریقہ اور پاکستان کے درمیان بھی روابط میں اضافہ ہو سکے۔
سفیر نے وفاقی سیکریٹری کو پاکستان کی “لک افریقہ اور انگیج افریقہ” پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کے لۓ ایتھوپین ایئرلائنز کی اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا مقصد پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔سفیر نے پاکستانی عوام میں ایتھوپین ایئرلائنز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو بھی اجاگر کیا، جو دنیا کی سب سے بڑی ایئرلائنز میں سے ایک ہے۔
وفاقی سیکریٹری ایوی ایشن احسن علی منگی نے افریقہ کو پاکستان کے قریب لانے میں ایتھوپین ایئرلائنز کی اہم کردار کو تسلیم کیا اور سفیر کو ایوی ایشن سیکٹر میں باہمی تعاون کو آگے بڑھانے میں اپنے ادارے کی حمایت کا یقین دلایا۔