اسلام آباد(آئی ایم ایم )سید پور ماڈل ویلج اور میلوڈی مارکیٹ میں تزئین و آرائش، بحالی اور اپ لفٹ کے کام موسم بہار تک مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ سری نگر ہائی وے پر خوبصورتی کے کام بھی جلد مکمل کئے جائیں. یہ بات چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور آذربائجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادو کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس کے دوران کی گئی. اجلاس میں باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین اور سی ڈی اے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی.سید پور ویلیج، میلوڈی مارکیٹ اورسری نگر ہائی وے کو باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین کی معاونت سے خوبصورت بنایا جارہا ہے.
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ باکو کے ماہرین سری نگر ہائی وے، میلوڈی مارکیٹ اور سید پور ویلج کو خوبصورت بنانے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں جو قابل ستائش ہے. انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور باکو ماہرین کی طرف سے ایک ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے تاکہ تزئین و آرائش کے کام کو احسن طریقے سے مکمل کیا جائے.
اجلاس کو بتایا گیا کہ سید پور ویلج کی تزئین و آرائش کا کام چار ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے کے آرکیٹکیس اور افسران سید پور ویلج کا دورہ کریں اور اپنی آراء دیں تاکہ تزئین و آرائش کو دیرپا بنایا جاسکے.
اجلاس کو بتایا گیا کہ سید پور ویلج میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں. اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ باکو سے آبی ماہرین اور سی ڈی اے کے متعلقہ افسران ملکر خوبصورت بنائے گئے مقامات پر سیوریج اور پانی کے انتظام کا قابل عمل حل تجویز کریں گے.
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ میلوڈی مارکیٹ کی خوبصورتی کے عمل کو بھی اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تزئین و آرائش کے بعد ان مقامات بالخصوص سید پور ویلج کو تفریح اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جائے گا اور موسم بہار کی نسبت سے ان مقامات پر مختلف رنگارنگ پروگرام منعقد کئے جائیں گے.اجلاس کو بتایا گیا کہ سری نگر ہائی وے پر مقامی پودے لگائے جائیں گے اور اسکے قدرتی لیند سکیپ کو مزید خوبصورت بنایا جارہا ہے.
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد بیوٹفکیشن پلان کے تحت پاکستان مونومنٹ پر بانی پاکستان سمیت تاریخ پاکستان میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کے مجسمے بھی نصب کئے جائیں گے.