اسلام آباد(آئی ایم ایم)صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا میں دو مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا۔ انہوں نے آپریشن کے دوران دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث مطلوب دہشت گرد کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔