اسلام آباد (آئی ایم ایم)پاکستان کے دورے پر آئے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ اور ان کے وفد کے اراکین نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے ساتھ پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ چیئرمین سینٹ نے سعودی وفدکو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل پاکستان کے دوست ہیں اور ان کا یہ دورہ سعودی وفد کا دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ادارہ جاتی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلیمان پاکستان کے سچے دوست ہیں، ہر مرحلے پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔
ملاقات میں چیئرمین سینٹ نے اپنے دورہ سعودی عرب کا ذکر تے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی مفید رہیںاور مستقبل میں تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل میں سعودی عرب کے لیے محبت اور احترام کے جذبات ہیں۔مقدس مقامات تاریخی، ثقافتی، اور مذہبی مماثلتیں دونوں ملکوں کے عوام کو آپس میں جوڑے ہوئے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ برادرانہ تعلقات کو مشترکہ مفاد کے شعبوں میں توسیع دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔احترام اور باہمی اعتماد کا جذبہ مضبوط دوستی کے لیے بنیاد فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دو طرفہ تعلقات کثیر الجہتی نوعیت کے ہیں۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹرز عرفان الحق صدیقی ،کامل علی آغا،محترمہ ثمینہ ممتاز زہری ، محترمہ سعدیہ عباسی ،جان محمد،مولانا عطاءالرحمن ،منظور احمد ،ارباب عمر فاروق ،سردار الحاج عمر گورگیج اور سیکٹری سینیٹ سیدحسنین حیدر بھی موجود تھے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں معاونت کاری میں پیش رفت خوش آئند ہے۔ ایوان بالا اور شوریٰ کونسل کے درمیان رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کو بتایا کہ 2008اور 2011میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اس وقت بھی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ ان تعلقات پر ہمیں فخر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو بڑھانے کے لیے مواقعوں سے استفادہ کرنا ہوگا۔ تجارتی روابط مثبت سمت میں ہیں، مزید فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ سعودی تجارتی و کاروباری وفود کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔انہوں نے ایس آئی ایف سی کے بارے میں سعودی وفد کو آگاہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعاون، تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وفود کے تبادلوں سے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔اعلی سطح وفود کے تبادلے دونوں ملکوں کے درمیان بہترین تعلقات کی عکاس ہیں۔سعودی وفد کے رہنما نے کہا کہ میرے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ میں پاکستان کو دورہ کر رہا ہوں ۔پاکستان ہمارا مخلص دوست ہے ۔انہوں نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ ان کی شوریٰ کونسل کے اراکین سید یوسف رضا گیلانی کی شخصیت سے بہت متاثر ہوئے ہیں ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں سے دوستی مزید مستحکم ہوگی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔