پشاور(آئی ایم ایم)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور مستقبل کے چیلینجز کیلئے تیار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی موثر شرکت اور ان کی عزت و وقار کا تحفظ وقت کی ضرورت ہے، تعلیمی پالیسیوں میں خواتین کی تعلیم کو ترجیح دینے اور انکی تمام شعبوں میں شراکت یقینی بنانی چاہیے، تعلیم مستقبل کی بہترین سرمایہ کاری ہے، تعلیمی نظام میں سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید مہارتوں پر توجہ دینی چاہیے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز شہید بینظیر بھٹو وویمن یونیورسٹی پشاور کے 8ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد، فیکلٹی اراکین، طالبات اور والدین نے بڑی تعدا دمیں شرکت کی۔ گورنر نے کانووکیشن میں مختلف شعبوں میں گریجویشن، ماسٹر اور ایم فل کی تعلیم مکمل کرنیوالی 471 طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ 66 نمایاں پوزیشن ہولڈرز طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے۔کانووکیشن میں اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد نے گورنر خیبر پختونخوا کو یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے گورنر خیبرپختونخوا نے تعلیمی کامیابی حاصل کرنیوالی طالبات، والدین اور فیکلٹی اراکین کو مبارکباد پیش کی اورکہاکہ فارغ التحصیل طالبات نے ان کے منتخب کردہ تعلیمی راستے پر ایک اور سنگ میل حاصل کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مشن بہترین تعلیم و ہنر سے ملک کو نوجوان قیادت فراہم کرنا ہے،صوبہ کی اتنی بڑی خواتین کی تعلیم یافتہ تعداد دیکھ کر دلی مسرت ہوئی ہے۔طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ آج بطور گریجویٹس آپ اپنے غیر معمولی سفر کا آغاز کرنے والے ہیں اور اپنی زندگی کی مہم جوئی خود تخلیق کرنے والے ہیں، میں اس محنت کے لیے آپ طالبات کی تعریف کرتا ہوں کہ جس کی وجہ سے آپ اس مرحلے تک پہنچی ہیں۔
گورنرنے کہاکہ فارغ التحصیل طالبات کی زندگی کاایک نیا دور شروع ہونے والا ہے جس میں بہت سے نئے چیلنجز اور آپشنز آپ کے سامنے آئیں گے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ عملی میدان میں قدم رکھنے والی طالبات ان چیلنجز کابھی کامیابی سے مقابلہ کریں گی اور اپنے ملک وقوم کا نام روشن کرے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومتیں ایک ایسا تعلیمی نظام تیار کرتی ہیں جو علم پر مبنی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو اور پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کے ایجنڈے میں ہمیشہ سے اعلیٰ اور معیاری تعلیم سرفہرست رہی ہے۔