اسلام آباد(آئی ایم ایم)اقوام متحدہ کے پروگرام برائے ایچ آئی وی ایڈز برائے پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ٹربل چکوکو نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر عطاء الرحمان سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور باالخصوص پاکستان میں موذی مرض ایڈز کی روک تھام کے لئے جاری مختلف پروگراموں کے بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ پاکستان ایچ آئی وی کے خلاف قومی حکمت عملی کو مزید مضبوط اور موثر بنانے کے لیے پرعزم ہے،ایڈز ، پولیو اور دیگر بیماریوں کی روک تھام کے لئے یو این کے متعلقہ ذیلی اداروں اور دیگر شراکت داروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ایڈز کے مو ثر سد باب کے لئے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی بھی ضرورت ہے،ایڈز ایک خطرناک مرض ہے ، عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس مرض کے پھیلائو کو روکا جا سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کے کنٹری ڈائریکٹر برائے ایڈز ٹربل چکوکو نے کہا کہ اجتماعی کوششوں کے باوجود پاکستان میں ایچ آئی وی کی وباء بڑھ رہی ہے جس کے لیے اختراعی اور پائیدار کوششوں کی ضرورت ہے، پاکستان میں ایڈز کے حوالے سے عوامی آگاہی کی کمی ہے، علماء کرام اور مدارس ایڈز کی رو ک تھام سے متعلق عوام میں آگاہی کیلئے مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں،ملاقات میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے مابین ایڈز کا پھیلائو روکنے کیلئے تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔