پشاور(آئی ایم ایم)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ بابائے قوم قائد اعظم کی قیادت، بصیرت اور اصول پسندی نے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت سے ہمکنار کیا اور ایک علیحدہ مملکت، پاکستان، کا خواب حقیقت میں بدلا۔بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک تہنیتی پیغام میں گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہقائد اعظم محمد علی جناح کی شخصیت اعلیٰ اخلاقی اقدار، قانون کی پاسداری، اور جمہوری اصولوں کی علمبردار تھی۔
انہوں نے ہمیشہ اتحاد، ایمان، اور تنظیم کے اصولوں کو اپنانے کی تلقین کی، جو آج بھی ہماری قومی ترقی اور استحکام کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی بے لوث قربانیوں اور انتھک محنت کے نتیجے میں ہمیں ایک آزاد وطن نصیب ہوا، جہاں ہم اپنے مذہب، ثقافت، اور روایات کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم قائد کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال، اور پُرامن ملک بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔گورنرنے اس موقع پر دعابھی کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کرنے اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔